دنیا کے اکثر ممالک میں 2025 کا سورج طلوع ہوچکا ہے۔ ایک کونے سے دوسرے کونے تک دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز اس امید سے کیا گیا کہ یہ سال، گزشتہ سال سے بہتر ہوگا۔
نیو یارک، لاس اینجلس، برلن، بیجنگ،استنبول،سڈنی، جاوا، ریاض، دبی، سمیت پوری دنیا میں نئے سال کا جشن منایا گیا۔ لیکن لندن نے ہمیشہ کی طرح اپنے مخصوص رنگوں سے 2025 کا استقبال کیا۔
لندن میں ہیپی نیو ائیر نائیٹ کی ایک منفرد روایت اور تاریخ ہے۔ مئیر آف لندن کی جانب سے لندن کو خوب سجایا اور آراستہ کیا جاتا ہے۔ رات کے بارہ بجتے ہی پورا لندن روشنیوں اور آتش بازی سے جگمگا اُٹھتا ہے۔
تاہم شدید برف باری کے باعث برطانیہ کے کچھ شہروں میں اس سال نیو ائیر کی تقریبات کو منسوخ کردیا گیا۔ جبکہ کچھ شہروں میں جشن تو منایا گیا لیکن آتش بازی کو منسوخ کیا گیا۔
پاکستان میں بھی گزشتہ رات نیو ائیر نائٹ منائی گئی۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا، شہر شہر فائر ورکس نے سماں باندھ دیا۔
مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور جشن کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا۔
لاہور میں لبرٹی چوک کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔ بحریہ ٹاؤن کراچی میں ڈانسنگ فاؤنٹین پر میوزیکل شو اور لیزر لائٹ شو کا انعقاد کیا گیا۔
خدا کرے یہ نیا سال دنیا کے لیے امن کا سال ہو، خوشیوں اور شادمانیوں کا سال ہو، غزہ، یوکرین، لبنان، شام، یمن اور دیگر جنگ زدہ علاقوں میں امن لانے والا سال ہو۔