عیسائی مذہب کے کیتھولک فرقے کے سربراہ پوپ فرانسس نے غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں فریق معاہدے کا احترام کریں۔
پوپ فرانسس نے معاہدے میں طے کیے گئے معاملات پر عمل در آمد کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے مستقل قیام کے لیے اس معاہدے کا پورا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں معاہدہ کرانے میں کردار ادا کرنے والے ثالثوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر غزہ میں امداد کی ترسیل کو بڑھائیں۔
انھوں نے تاکید کی کہ دونوں اطراف کے تمام قیدیوں کو رہائی دلا کر، ان کے گھروں میں بھجوائیں، جو لوگ اس امن پراسس میں مزید کردار ادا کر سکتے ہیں وہ سامنے آئیں۔
پوپ فرانسس نے اتوار کے روز کی جانے والی عبادت کے موقع پر امید ظاہر کی کہ تمام فریق غزہ میں جنگ بندی کے اس معاہدے کا احترام کریں گے۔
پوپ اس سے پہلے بھی جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر غزہ میں امداد کی بلا تعطل ترسیل کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے کچھ عرصہ قبل غزہ میں نسل کشی کے حوالے سے بھی اسرائیل کے خلاف تحقیقات کا عندیہ دیا تھا۔