کراچی: برطانوی ائیر سیفٹی کمیٹی کا اہم اجلاس کل 20 مارچ کو ہونے جا رہا ہے، جس میں پاکستانی ائیرلائنز کی پروازوں پر پانچ سال سے عائد پابندی کے خاتمے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق، اس اجلاس میں برطانوی ائیر سیفٹی کمیٹی پاکستانی ائیرلائنز کے کیسز پر غور کرے گی اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ممکنہ طور پر پابندی ہٹا دی جائے گی۔ سی اے اے کے ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی ائیرلائنز کی برطانیہ میں دوبارہ بحالی کی منظوری مل جائے گی، جس سے نہ صرف ائیرلائنز کے لیے کاروباری مواقع میں اضافہ ہو گا، بلکہ لاکھوں پاکستانی مسافروں کے لیے بھی آسانیاں پیدا ہوں گی۔
یاد رہے کہ جولائی 2020 میں پاکستانی پائلٹس کے جعلی لائسنس اسکینڈل کی وجہ سے برطانیہ اور یورپ نے پاکستانی ائیرلائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی، لیکن اب اس پابندی کے ممکنہ خاتمے کی خبریں ائیرلائنز اور مسافروں کے لیے خوش آئند ہیں۔ اس اجلاس کے بعد ایک نیا دور شروع ہونے کا امکان ہے، جہاں پاکستانی ائیرلائنز کی پروازیں برطانیہ میں پھر سے پرواز کر سکیں گی۔