بھارتی میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، لیکن اس بار وجہ ان کے گانوں یا سُریلی آواز کے بجائے میلبرن میں ہونے والے ان کے حالیہ کنسرٹ میں غیر متوقع تاخیر بنی۔
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں منعقد ہونے والا نیہا ککڑ کا کنسرٹ اس وقت تنازع کا شکار ہو گیا جب وہ تقریباً تین گھنٹے تاخیر سے اسٹیج پر پہنچیں، جس پر مداحوں نے شدید ردعمل دیا۔
کنسرٹ کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر وائرل ہوئی جس میں نیہا ککڑ کو آبدیدہ دیکھا گیا۔
اپنی جذباتی تقریر میں انہوں نے حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ تاخیر پر بے حد شرمندہ ہیں اور یہ ان کی زندگی کی ایک ناپسندیدہ صورتحال ہے۔
انہوں نے کہا، آپ سب بہت اچھے ہیں، میں نے کبھی کسی کو اتنا انتظار نہیں کروایا، مجھے اس بات کا بہت افسوس ہے۔
میں اس شام کو ہمیشہ یاد رکھوں گی اور اس کا ازالہ کرنے کی پوری کوشش کروں گی۔
کنسرٹ میں موجود کئی مداحوں نے نیہا ککڑ کی معذرت کو قبول کرتے ہوئے ان کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے کھل کر اپنے غصے کا اظہار کیا۔
ویڈیو میں صاف سنا جا سکتا ہے کہ کچھ تماشائی ان سے ناراض نظر آئے اور ان پر طنزیہ جملے کستے رہے۔
ایک شخص نے چیختے ہوئے کہا، یہ انڈیا نہیں ہے، آپ آسٹریلیا میں ہیں۔
ایک اور مداح نے کہا، واپس جاؤ اور اپنے ہوٹل میں آرام کرو! جبکہ کسی نے کہا،یہ انڈین آئیڈل نہیں ہے، یہاں بچوں کے ساتھ پرفارم نہیں ہو رہی۔
مداحوں کے مختلف ردعمل کے باوجود، نیہا ککڑ نے کنسرٹ کو جاری رکھا اور اپنی پرفارمنس کے دوران سامعین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے اسٹیج پر کہا، آپ سب میرے لیے بہت قیمتی ہیں، میں چاہتی ہوں کہ آج کی رات آپ سب لطف اندوز ہوں اور ڈانس کریں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب نیہا ککڑ آسٹریلیا میں پرفارم کر رہی تھیں، اس سے قبل وہ سڈنی میں بھی کنسرٹ کر چکی ہیں جہاں ان کی کارکردگی کو کافی سراہا گیا تھا۔
تاہم میلبرن کا تجربہ ان کے لیے ایک مشکل مرحلہ ثابت ہوا، جو ان کے مداحوں کے صبر اور توقعات کا امتحان بھی تھا۔