امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ رمضان المبارک کی مناسبت سے رکھی گئی ایک افطار پار ٹی میں شرکت کی ۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ میرےلیے خوشی کی بات ہے کہ میرے پاس آج بہت سے مسلمان دوست ہیں۔صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں میرے بہت سےمسلمان دوست ہیں۔اس پر میں آپ سب کا شکر گزار ہوں۔آپ کے علاوہ میں ان لاکھوں امریکی مسلمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ انتخابات میں ہماری حمایت کی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم مسلم کمیونٹی کے ساتھ کیے اپنے وعدے پورے کر رہے ہیں۔ہم والدین کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں اور اسکولوں کے بچوں کو ٹرانس جینڈر جیسے نظریات کی ترغیب دینے سے روک رہے ہیں جس پر اس کمرے میں موجود لوگ خوش نہیں ہیں جنھیں میں یقینی طور پر جانتا ہوں لیکن اس کے باوجود ہم یہ کر رہے ہیں۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ ابرام معاہدے کے تحت مشرق وسطی میں امن قائم کیا جائے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ مسلم کمیونٹی نے الیکشن میں ہمارا ساتھ دیا ، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک میں صدر رہوں گا، آپ کا ساتھ دوں گا۔مجھے بہت خوشی ہے کہ آج آپ یہاں موجود ہیں۔ اور ہم سب رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کے قریب پہنچ رہے ہیں، ہمیں بہت سے بین الاقوامی دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ آج رمضان کی برکتوں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہو رہاہے۔
یہاں موجود مہمانوں میں سعودی عرب کی سفیر، شہزادی ریما ایک بہت ہی خاص خاتون ہیں۔ صدر ٹرمپ نے امریکہ میں تعینات سعودی سفیر ریما بنت بندر بن سلطان بن عبد العزیز آل سعود سے مخاطب ہوکر کہا: شکریہ ریما، آپ کا خیر مقدم ہے، آپ کو یہاں دیکھ کر اچھا لگا۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں موجود تمام مسلمان ممالک کے سفیروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس افطار پارٹی میں متحدہ عرب امارات، جارجیا، مصر، کویت، قطر، پاکستان، ملائیشیا، برونائی، عراق،، نائیجیریا، جبوتی، لبنان، نائیجیریا، تنزانیہ، کینیا، مالدیپ، لیبیا، سینیگال، بنگلہ دیش اور دیگرممالک کے سفیروں اور صدور نے شرکت کی۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں رمضان افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان خود پر ضبط کرنے کا موسم ہے۔ آپ لوگ اسلامی کیلنڈر کے نویں مہینے کے دوران ہر روزصبح سے شام تک روزہ رکھتے ہیں اور خدا سے اپنی عقیدت و عبادت کا مظاہرہ کرتے ہیں، یہ تو بہت ہی شاندار عمل ہے۔

دنیا بھر کے مسلمان ہر رات غروب آفتاب کے وقت اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ مل کر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں اور ایک ساتھ افطار ڈنر کرتے ہیں بالکل اسی طرح جیسے ہم آج یہاں افطار کررہے ہیں، مجھے امید ہے کہ آپ کو ہمارا آج کا یہ پروگرام پسند آئے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں اپنے مسلمان دوستوں میں سے ہر ایک کے ساتھ مل کر ایک روشن، زیادہ پر امیدمستقبل کے حصول کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔ہم سب ایک ساتھ مل کر ہم بڑی کامیابی حاصل کریں گےاور آپ وہ ترقی حاصل کریں گے جو آپ نے پہلے کبھی حاصل نہیں کی ہوگی کیونکہ اب وائٹ ہاؤس میں آپ کا کوئی ایسا شخص ہے جو آپ سے پیار کرتا ہے، آپ سب کا بہت بہت شکریہ، اب ہم ایک چھوٹا سا ڈنر کریں گے۔
اس کے بعد صدر ٹرمپ نے مسلم ممالک کے سفیروں کے ساتھ افطا ر ڈنر کیا اور گروپ فوٹو بنوایا۔