شہزادہ فیصل بن فرحان نے ہفتہ کے روز پاکستانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کے نمائندے برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی جوزپ بوریل سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس مشاورت میں علاقائی اور بین الاقوامی حالات اور ان سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس کے ساتھ ساتھ فلسطینی اور لبنانی عوام کی حمایت پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے تناظر میں مشترکہ تعاون اور یکجہتی کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا ہے اور اس دوران انھوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر دلالت کرتا ہے۔ یہ اقدام دوطرفہ تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش اور اہم شعبوں میں مالی تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوششوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
گزشتہ ہفتے کنگ سلمان ریلیف فنڈ برائے انسانی خدمت کے اسسٹنٹ ڈائیرکٹر احمد علی آل بیز نے پاکستان کا دورہ کیا۔ جس میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS) نے سعودی عرب کے کنگ سلمان ریلیف سینٹر (KSRelief) کے ساتھ ایک معاہدے (MOU ) پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان انسانی امداد کے تعاون کو بڑھانا ہے۔
یہ تقریب پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالی کی موجودگی میں ہوئی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کی بہتری کی کوششوں کے حوالے سے یہ امید کی جاتی ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔