گزشتہ روز ہونے والے امریکی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کے ہمراہ ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والی تقریر میں کہا کہ انہوں نے اور ان کے حامیوں نے وائٹ ہاؤس کی دوڑ میں تاریخ رقم کی ہے۔
ٹرمپ نے خوشی سے نعرے لگاتے ہوئے حامیوں سے کہا۔ یہ ایک ایسی سیاسی فتح ہے جو ہمارے ملک نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے مزید کہا ہم اپنی سرحدیں ٹھیک کریں گے، ہم اپنے ملک میں سب ٹھیک کریں گے۔
انھوں نے کہا میں ہر شہری، آپ کے لیے، آپ کے خاندان کے لیے اور آپ کے مستقبل کے لیے لڑوں گا۔ انہوں نے مزید کہا ہر ایک دن، آپ کے لیے اور اپنے جسم میں ہر سانس کے ساتھ لڑتا رہوں گا۔ میں اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا جب تک ہم وہ مضبوط، محفوظ اور خوشحال امریکہ نہیں بنا لیتے جس کے ہمارے بچے مستحق ہیں اور جس کے آپ مستحق ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے انھیں مبارک باد پیش کی اور ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں تاریخی واپسی اور انتخاب پر مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکی عوام نے انہیں اور ان کی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کیا ہے۔ یہ جنگ کے خلاف دی گئی فتح اور مینڈیٹ ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی انتظامیہ امن کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی اور عالمی تنازعات کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
پاکستان کے علاوہ دنیا بھر سے امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جیت کی مبارک باد پیش کی جارہی ہے۔ قطر کے امیر تمیم بن حمد اور چینی دفتر خارجہ نے بھی امریکہ میں الیکشن کی نتیجے میں سامنے آنے والی نئی ایڈمنسٹریشن کو خوش آمدید کہا ہے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے ایک معمول کی بریفنگ میں کہا: ’ہم چین – امریکہ تعلقات کو باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی، اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کے اصولوں کے مطابق دیکھتے اور سنبھالتے رہیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے فاتحانہ خطاب میں یہ بھی کہا میں نئی جنگیں شروع نہیں کروں گا اور دنیا میں امن کے لیے کردار ادا کروں گا۔