کراچی: دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں، امریکہ اور چین کے درمیان جاری معاشی کشمکش اب عالمی منڈی میں ہلچل مچا رہی ہے اور اس بار نشانے پر ہے "سونا”، جو اپنے روایتی سکون سے نکل کر تاریخی بلندیوں پر جا پہنچا ہے
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، پاکستانی مارکیٹ میں آج سونے نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت 7800 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 28 ہزار 800 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ جی ہاں! یہ ملکی تاریخ کی سب سے بلند ترین سطح ہے۔
اسی کے ساتھ 10 گرام سونا بھی پیچھے نہ رہا، اور 6688 روپے اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 81 ہزار 893 روپے کا ہو گیا۔
عالمی منڈی کی بات کریں تو وہاں بھی سنہری تیزی دیکھنے کو ملی، سونے کی قیمت میں 78 ڈالر کا زبردست اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اب یہ 3118 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان جاری ٹیرف وار نے سرمایہ کاروں کو غیر یقینی صورتحال سے خوفزدہ کر دیا ہے، جس کے باعث وہ اپنی دولت کو محفوظ بنانے کے لیے سونے کی طرف لپک رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ "سنہری بھاگ دوڑ” نے سونے کی قدر کو بادلوں سے بھی اوپر پہنچا دیا ہے۔کیا یہ قیمتیں مزید بڑھیں گی یا سونا تھوڑی دیر سستا سانس لے گا؟ سرمایہ کار اور عام شہری دونوں اسی سوال کے جواب کے منتظر ہیں