نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے واشنگٹن میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو پہلگام واقعہ پر ایسا انداز اپنانا چاہیے جس سے علاقائی طور پر کوئی بڑا تنازعہ جنم نہ لے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور وہ ہر طرح کی انویسٹیگیشن کے لیے تعاون کرے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلگام واقعےکی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کا کمیشن بنانے کی پیشکش کی تھی۔ بعد ازاں امریکا کی جانب سے پاکستان اور بھارت سے پہلگام حملے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
اس سے قبل امریکی سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر اعظم، دونوں سے الگ الگ ٹیلفونک کال کی اور پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں تعاون کی درخواست کی۔ جس پر پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر اعظم نے ہر طرح کی آزادانہ تحقیقات کے لیے مکمل تعاون پیش کرنے کا اظہار کیا۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے آزادانہ تحقیقات میں عدم تعاون کا کوئی آپشن نہیں ہے، ہم مکمل طور پر تعاون کے لیے تیار ہیں۔ البتہ بھارت کبھی آزادانہ تحقیقات نہیں کرنا چاہتا کیونکہ اس سے دنیا کے سامنے اصل حقائق آنے امکان موجود ہے۔