پاکستان عالمی سفارتی منظرنامے پر ایک بار پھر نمایاں حیثیت اختیار کرنے جا رہا ہے، کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت جولائی 2025 میں پاکستان کو سونپی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے نیویارک میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے سلامتی کونسل کے مجوزہ پروگرام آف ورک پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سفیر عاصم افتخار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں عالمی امن و سلامتی کے اہم امور کو آگے بڑھائے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ، افریقہ، یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں جاری کشیدگی، عالمی امن مشنز کے کردار، اور سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود فوری نوعیت کے چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔
سفیر عاصم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں پرامن تصفیہِ تنازعات اور کثیرالجہتی سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل کی کوششوں کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
پاکستان کی یہ صدارت نہ صرف سفارتی میدان میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے بلکہ ایک ایسے وقت میں اہم کردار ادا کرے گی جب دنیا غیر معمولی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے۔ پاکستان کا مؤقف، قیادت اور سفارتی وژن عالمی امن کی تشکیل میں ایک کلیدی قوت کے طور پر ابھرنے کو تیار ہے۔