آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کرے گا۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب برطانیہ، فرانس اور کینیڈا پہلے ہی اسی سمت میں اقدامات کر چکے ہیں۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کے مطابق، یہ اقدام اس وقت اٹھایا جا رہا ہے جب آسٹریلوی حکومت کو فلسطینی اتھارٹی (پی اے) کی طرف سے چند اہم یقین دہانیاں موصول ہوئی ہیں، جن میں غیر عسکریت پسندی، عام انتخابات کا انعقاد اور اسرائیل کے حقِ وجود کو تسلیم کرنا شامل ہیں۔
البانیز نے کہا کہ "دو ریاستی حل ہی انسانیت کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تشدد کے چکر کو توڑنے اور غزہ میں جنگ، بھوک اور مصیبت کو ختم کرنے کی سب سے بڑی امید ہے۔” ان کے مطابق یہ ایک ایسا موقع ہے جسے عالمی برادری کے ساتھ مل کر فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اس فیصلے کا پس منظر گزشتہ دو ہفتوں میں آسٹریلوی وزیراعظم کی برطانیہ، فرانس، نیوزی لینڈ اور جاپان کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی گفتگو ہے۔ آسٹریلوی حکومت نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے یہ بھی یقین دہانی حاصل کی ہے کہ حماس کسی بھی مستقبل کی فلسطینی ریاست میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی۔
دوسری جانب اسرائیل نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کرنا "دہشت گردی کو انعام دینا” ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ "یورپی ممالک اور آسٹریلیا کا اس راستے پر چلنا مایوس کن اور شرمناک ہے۔ اگر میلبورن یا سڈنی کے قریب ایسا خوفناک حملہ ہوتا تو آسٹریلیا بھی وہی کرتا جو ہم کر رہے ہیں۔”
امریکہ نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے مطابق، اس وقت فلسطین میں فعال اور مؤثر حکومت موجود نہیں، اس لیے ایسا قدم حماس کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہوگا۔
غزہ میں حالات بدستور سنگین ہیں۔ حماس کے زیر انتظام وزارتِ صحت کے مطابق، صرف پچھلے ہفتے کے آخر سے اب تک بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید پانچ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جس سے اس سال ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 217 ہو گئی ہے۔ 2023 سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائی کے نتیجے میں اب تک 61 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوجی آپریشن کا آغاز اس وقت ہوا جب 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے جنوبی اسرائیل پر حملہ کیا، جس میں تقریباً 1,200 افراد مارے گئے اور 251 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
گزشتہ اتوار کو آسٹریلیا میں فلسطین کے حق میں ایک بڑے جلوس کا انعقاد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے سڈنی ہاربر برج پر مارچ کیا۔ یہ مظاہرہ ایک دن پہلے عدالت کے اُس فیصلے کے بعد ممکن ہوا، جس میں احتجاج کی اجازت دی گئی تھی۔
عالمی سطح پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ 147 ممالک، جو کہ اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے ہیں، پہلے ہی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ میں فلسطین کو "مستقل مبصر ریاست” کا درجہ حاصل ہے، جس کے تحت وہ اجلاسوں میں شریک ہو سکتا ہے لیکن ووٹ نہیں دے سکتا۔ اسپین، آئرلینڈ اور ناروے جیسے ممالک گزشتہ سال فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کر چکے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ اس سے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں مدد ملے گی۔