مغربی افریقی ملک گنی بساؤ میں بغاوت، فوج نے صدر کو معزول کرکے اقتدار سنبھال لیا
سرحدیں اور فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں، ملک میں کرفیو نافذ کر دیا گیا: گنی بساؤ فوج کا اعلان— فوٹو:اے ایف پی
مغربی افریقا کے ملک گنی بساؤ میں بغاوت ہوگئی اور فوج نےصدرکو معزول کرکے اقتدار سنبھالنے کا دعویٰ کردیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق گنی بساؤ میں اتوار کو صدارتی انتخابات ہوئے تھے اور صدارتی انتخابات کے نتائج کا کل اعلان ہونا تھا۔
صدر اُمارو ایمبیلو اور حریف فرنینڈو ڈیاس نے کامیابی کا دعویٰ کیا تھا لیکن اعلان سے قبل ہی آج فوج نے اقتدار پر قبضہ کرلیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دارالحکومت بساؤ سے چلنے والے ریاستی ٹیلی ویژن پر فوجی افسران نے صدر کو عہدے برطرف کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام ریاستی ادارے اگلے حکم تک معطل رہیں گے۔
گنی بساؤ فوج کا کہنا ہے کہ سرحدیں اور فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں، ملک میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، آئینی نظام کی بحالی تک انتخابی عمل تاحکم ثانی معطل رہے گا۔
فوجی افسران نے ایک اعلیٰ فوجی کمان تشکیل دی ہے جو ملک کا نظم و نسق سنبھالے گی۔
