فن لینڈ نے خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور محدود تجارتی تعلقات کے پیشِ نظر پاکستان، افغانستان اور میانمار میں اپنے سفارتی مشنز 2026 تک مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ نے 28 نومبر کو جاری بیان میں کہا کہ اسلام آباد، کابل اور یانگون میں قائم سفارتخانے ’’آپریشنل اور اسٹریٹجک وجوہات‘‘ کی بنا پر بند کیے جا رہے ہیں، جب کہ تینوں ممالک میں ان مشنز کی بندش کی تیاری پہلے ہی شروع ہو چکی ہے۔
وزارت کے مطابق یہ اقدام فن لینڈ کے عالمی سفارتی نیٹ ورک کے ایک جامع اسٹریٹجک جائزے کا حصہ ہے، جس کا مقصد وسائل کو اُن ممالک پر مرکوز کرنا ہے جو فن لینڈ کی خارجہ و سلامتی پالیسی اور برآمدات کے فروغ کے لیے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
فن لینڈ کی وزیرِ خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا کہ فن لینڈ کا بیرونی ماحول تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی نیٹ ورک کو ازسرِنو ترتیب دینا ضروری ہے، تاکہ ملک کے عالمی تعلقات زیادہ مؤثر اور اس کی پوزیشن مزید مضبوط ہو سکے۔
قابلِ ذکر ہے کہ فن لینڈ نے اس سے قبل بھی 2012 میں مالی بحران کے باعث اسلام آباد میں سفارتخانہ بند کر دیا تھا، تاہم 2022 میں اسے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔ خطے میں بڑھتی سفارتی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں 2023 میں سویڈن بھی سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اپنا سفارتخانہ غیر معینہ مدت تک بند کر چکا ہے، جس سے جنوبی ایشیا میں یورپی سفارتی موجودگی مزید محدود ہوتی جا رہی ہے۔
