امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بڑے میڈیا اداروں پر تنقید کرتے ہوئے اس مرتبہ سی این این نیوز نیٹ ورک کو نشانہ بنایا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے سی این این کی کارکردگی اور اس کی ریٹنگز پر شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ “سی این این کی ریٹنگز اتنی کم ہیں کہ شمار بھی نہیں ہوتیں، اسے تو بیچ دینا چاہیے۔”
صدر ٹرمپ نے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ چینل کی موجودہ صورتِ حال اور کم ناظرین کے باعث اسے نئی ڈیل کے تحت فروخت کر دینا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ میڈیا میں غلط بیانی، جانبداری اور غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے اس سے کسی کو تکلیف ہی کیوں نہ پہنچے۔
ٹرمپ نے اپنے روایتی انداز میں میڈیا کے ایک حصے کو دوبارہ “جعلی نیوز” سے تعبیر کیا اور کہا کہ کئی ٹی وی چینلز اور اخبارات ان کی پالیسیوں پر تنقید کے نام پر جانبدارانہ رپورٹنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایسے میڈیا ہاؤسز کو بے نقاب کرتے رہیں گے جو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ادھر، سی این این اور اس کی پیرنٹ کمپنی کی جانب سے تاحال صدر ٹرمپ کے تازہ بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور سی این این کے درمیان کشیدگی کوئی نئی بات نہیں، دونوں کے درمیان 2016 سے اب تک سخت تناؤ برقرار ہے۔
