آج قطری قوم اپنا قومی دن منا رہی ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق قطر 1878ء کو معرض وجود میں آیا، اس کے بانی شیخ جاسم بن محمد آل ثانی تھے۔ قطری قوم ہر سال 18 دسمبر کو اپنا قومی دن مناتی ہے۔
آج قطر کے موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اپنی قوم اور تمام مقیمین و محبین کو اپنے قومی دن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ملکی سلامتی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
امیر قطر کے حکم پر قطر کی جیلوں سے قومی دن کی خوشی میں قیدیوں کو آزاد کیا گیا اور توپوں کی خصوصی سلامی دی گئی۔
خلیج میں واقع یہ ریاست یوں تو دنیا کی بہت چھوٹی ریاستوں میں سے ایک ہے لیکن اس کی دولت اور تعلقات کے چرچے دنیا کے بڑے ایوانوں میں ہوتے ہیں۔
یورپ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیاء اور ایشیا میں قطر کے وسیع پیمانے پر تجارتی، سیاسی اور اسٹریجک تعلقات ہیں۔ دنیا کے اہم فیصلوں میں قطر کی رائے کی اہمیت ہوتی ہے۔
گیس کے ذخائر سے مالا مال قطر، ہر میدان میں برق رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ لندن اور واشنگٹن کے بعد دوحہ وہ مقام ہے جہاں بگڑے معاملات اور تعلقات کی بات چیت کی جاتی ہے۔