روس کی انٹیلی جنس نے امریکا اور برطانیہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ شام میں روسی فوجی اڈوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ روسی انٹیلی جنس کے مطابق، امریکی اور برطانوی ایجنٹوں نے ان حملوں کے لیے اشتعال انگیز کارروائیاں کی ہیں تاکہ ماسکو کو شام سے اپنی فوج واپس بلانے پر مجبور کیا جا سکے۔
روسی خارجہ انٹیلی جنس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی انٹیلی جنس شام میں روسی فوجی مراکز پر دہشت گردانہ حملوں کی سلسلے وار منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان حملوں کے لیے داعش کے جنگجوؤں کی مدد لی جائے گی، جنہیں حالیہ دنوں میں نئے حکام نے جیلوں سے رہا کیا ہے۔
روسی انٹیلی جنس کے مطابق،لندن اور واشنگٹن امید کرتے ہیں کہ اس قسم کی اشتعال انگیز کارروائیاں روس کو شام سے انخلا پر مجبور کر دیں گی، اور ان حملوں کا الزام نئے حکام پر عائد کیا جائے گا کہ وہ شدت پسندوں کو قابو کرنے میں ناکام ہیں۔
مزید کہا گیا کہ موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، امریکی اور برطانوی قیادت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں استحکام قائم نہ ہو سکے۔ مجموعی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ دونوں ممالک مشرق وسطیٰ میں افراتفری کی صورتحال برقرار رکھنے کی کوشش میں ہیں۔