آج ریاض میں سعودی وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور تین شامی وزراء، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر اینٹیلیجنس کے درمیان ملاقات ہوئی۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شام بھی ترقی کی پٹری پر چڑھ جائے۔
طویل جنگی تباہی اور کشیدہ حالات کا سامنا کرنے والی شامی قوم یہ حق رکھتی ہے کہ وہ آگے بڑھے اور دنیا کے برابر کھڑی ہو۔ انھوں نے شامی وزراء کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ شام کی اصل طاقت شام ہی کے لوگ ہیں۔ بیرونی طاقتوں نے اہل شام کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ آج کے شام کے اصل مجرم بیرونی ہیں، شامی نہیں۔
شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے شہزادہ خالد بن سلمان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا بھائی ہے اور ہمیں اس کی راہنمائی میں آگے بڑھنا ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے شامی وزراء سے کہا کہ سعودی عرب اپنے شامی بھائیوں کے ساتھی، سفارتی، سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے دوران گفتگو بارہا اس خواہش کا اظہار کیا کہ اب شامی قوم کے اٹھنے اور آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے اور آنے والے چند سالوں میں شام، آج سے مختلف ہوگا۔