متحدہ عرب امارات نے رمضان سے قبل غزہ میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے تحت کارگو طیاروں کے ذریعے سیکڑوں ٹن خوراک بھیجی گئی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق، رواں ہفتے متحدہ عرب امارات سے پانچ امدادی قافلے فلسطینی علاقے میں پہنچے، جن میں مختلف قسم کی انسانی امداد شامل تھی۔
یہ قافلے مصر کے راستے غزہ میں داخل ہوئے اور 73 ٹرکوں پر مشتمل تھے، جو 1,185 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر آئے، جن میں خوراک، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔
پچھلے 15 مہینوں سے جاری اسرائیلی حملوں میں 48,000 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں اور 90 فیصد آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔
تاہم، گزشتہ ماہ جنگ بندی کے بعد امداد کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
کل آپریشن شیولرس نائٹ 3 کے تحت متحدہ عرب امارات سے 257 ٹن رمضان فوڈ سپلائی غزہ روانہ کی گئی۔
یہ امداد حماد بن محمد الشرقی فاؤنڈیشن فار ہیومینیٹیرین ورکس اور فجیرہ چیریٹی ایسوسی ایشن (FCA) کے اشتراک سے فجیرہ سے بھیجی گئی۔
فجیرہ چیریٹی ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید بن محمد الرقبانی نے کہا کہ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی قیادت کے اس عزم کا حصہ ہے۔
جس کے تحت فلسطینیوں کی مدد اور ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات اب تک اس آپریشن کے تحت فلسطینی عوام کو 37,300 ٹن سے زائد انسانی امداد فراہم کر چکا ہے۔