پاکستانی ہنرمندوں اور محنت کشوں کے لیے مشرق وسطیٰ کے دروازے ایک بار پھر کھلنے لگے ہیں۔ کویت نے تقریباً دو دہائیوں کے بعد پاکستانی شہریوں پر عائد ویزا پابندی کا خاتمہ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستانیوں کے لیے خوش آئند ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔
وفاقی وزارت اوورسیز پاکستانیز کےفوکل پرسن مصطفیٰ ملک نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کویتی حکومت نے پاکستانیوں کو ورک ویزا، فیملی ویزا، وزٹ ویزا، سیاحتی ویزا اور کمرشل ویزا دوبارہ جاری کرنا شروع کر دیےہیں۔ اب پاکستانی شہری آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ان ویزوں کے لیے آسانی سے درخواست دےسکتےہیں۔
مصطفیٰ ملک کےمطابق،دنیا اب پاکستانی ہنرمندوں پربند دروازےکھول رہی ہے۔ کویت کی جانب سے ویزوں کا دوبارہ اجرا ہزاروں پاکستانیوں کے لیے روزگار، کاروبار اور سیاحت کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
یہی نہیں، یورپ بھی پاکستانی ٹیلنٹ کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔ مصطفیٰ ملک نے مزید انکشاف کیا کہ اٹلی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو چکے ہیں، جس کے تحت اب ہر سال پاکستانیوں کے لیے نوکریوں کا سالانہ کوٹا مختص کیاجائےگا۔
دوسری جانب، خلیجی ممالک بھی پاکستان سے ہنرمند افراد کو اپنی معیشتوں میں شامل کرنے کے لیے سرگرم ہوچکےہیں۔ یہ تمام مثبت اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی ورکرز کی دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی مانگ اب ایک ناقابلِ انکار حقیقت بن چکی ہے۔
یہ وقت ہے ہنر دکھانے کا، مواقع سے فائدہ اٹھانے کا اور ایک بہتر کل کی طرف بڑھنے کا۔