تل ابیب/تہران: ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ اب جنگ صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہی بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی ایران نے اسرائیل پر دھاوا بول دیا ہے
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، ایرانی ہیکرز نے اسرائیل پر ایک بڑا سائبر حملہ کیا ہے جس کے دوران شہریوں کے موبائل فونز پر "پناہ گاہوں میں چلے جائیں” اور "ایندھن ذخیرہ کریں” جیسے خوفناک پیغامات موصول ہوئے۔ اس اچانک حملے نے عوام میں ہلچل مچا دی ہے۔
اسرائیلی حکام نے فوری طور پر اعلان کیا کہ یہ ایرانی سائبر وار کا حصہ ہے، عوام ان پیغامات کو نظر انداز کریں اور گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔
مزید حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک معروف اسرائیلی ٹی وی چینل کو براہِ راست لائیو شو کے دوران ہیک کر لیا گیا۔ میزبان اور مہمان اینکر اس غیر متوقع خلل پر حیران و پریشان رہ گئے۔
ادھر میدانِ جنگ میں بھی ایران پوری طاقت سے برسرپیکار ہے۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب ایرانی افواج نے تل ابیب اور حیفہ پر میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کر دی۔ حیفہ کی معروف ریفائنری مکمل طور پر بند ہو گئی جبکہ حملے میں تین ملازمین ہلاک ہو گئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ حملے صبح تک جاری رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق صرف پیر کو ہونے والے ایرانی میزائل حملوں میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک اور 92 زخمی ہوئے۔ جبکہ جمعے سے اب تک ہونے والے مسلسل حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 24 اور زخمیوں کی تعداد 600 سے تجاوز کر چکی ہے۔
خطے کی فضا جنگی طبل کی گونج سے لرز رہی ہے، اور ایران کی ڈیجیٹل یلغار نے اسرائیل کو ہر محاذ پر چوکنا کر دیا ہے۔