دوحہ : مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں قطر نے اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر زمین پر کوئی مشکوک ملبہ، اجنبی شے یا میزائل کے ٹکڑے گرے ہوں تو انہیں ہرگز نہ چھیڑیں بلکہ فوری اطلاع دیں۔
قطری وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کی جانب سے جاری مشترکہ ہنگامی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی میزائلوں کو ناکام بنانے کے بعد ان کے کچھ حصے قطری حدود میں گر سکتے ہیں، جو خطرناک مواد پر مشتمل ہو سکتے ہیں۔
ایسی اشیاء کو چھونا یا ان کے قریب جانا نہ صرف جان لیوا ہو سکتا ہے بلکہ قومی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔قطری عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی ایسی شے نظر آئے جو مشکوک ہو یا میزائل کا بچا ہوا حصہ لگے تو وہ فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 40442999 پر اطلاع دیں تاکہ ماہرین کی ٹیم بروقت کارروائی کر سکے۔
قطری حکام نے زور دیا ہےایسی کسی بھی شے کو خود سے نہ چھوئیں، نہ تصویریں بنائیں اور نہ ہی اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ مکمل احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ اداروں کو مطلع کریں۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران فضا میں کئی میزائلوں کو روکا گیا، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کا ملبہ دیگر قریبی ممالک میں گرنے کا امکان موجود ہے۔
قطر کی جانب سے عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام نہ صرف بروقت ہے بلکہ علاقائی سکیورٹی کے حوالے سے اس کی سنجیدگی کا بھی مظہر ہے