معروف امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا نے ایک بار پھر اپنی آواز کو مظلوموں کے حق میں استعمال کرتے ہوئے ایک انسان دوست اور جراتمندانہ مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پُراثر پیغام میں میڈونا نے پوپ فرانسس (پاپائے روم) سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کا دورہ کریں اور وہاں پھنسے معصوم بچوں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا روحانی اور عالمی اثرورسوخ استعمال کریں۔
انہوں نے اپنے دل گرفتہ پیغام میں لکھا پوپ غزہ جا کر بچوں کو بچانے کے لیے انسانیت کے دروازے کھلوانے کی کوشش کریں۔
میڈونا نے بطور ایک ماں انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہاغزہ میں بچوں کی تکلیف نہیں دیکھ سکتی، غزہ کے بچے سب کے بچے ہیں، اور انہیں بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے
یہ اپیل ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے، ہزاروں بچے زخمی یا بے گھر ہو چکے ہیں، اور بین الاقوامی امدادی راستے بند ہیں۔ میڈونا کا یہ بیان عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ایک تازہ کوشش ہے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ عالمی شخصیات نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف آواز بلند کی ہو۔ اس سے پہلے بھی ہالی وڈ، بالی وڈ اور دیگر عالمی فیلڈز سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات، صحافی اور فنکار فلسطینی عوام کے حق میں اظہارِ یکجہتی کر چکے ہیں۔
میڈونا، جو دنیا بھر میں انسانی حقوق کی علمبردار سمجھی جاتی ہیں، ان کے اس بیان کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین اس پیغام کو شیئر کر کے انسانی ہمدردی کے لیے عالمی رہنماؤں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔