ریاض / ابوظہبی:سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خطے کی تازہ ترین صورتِ حال، اور عالمی پیش رفتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کی رپورٹ کے مطابق، یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہےجب مشرق وسطیٰ میں کئی اہم جغرافیائی وسیاسی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون،مسلسل رابطہ اورمشترکہ حکمت عملی انتہائی ضروری ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان اور شیخ عبداللہ بن زید نے اس موقع پر متعدد باہمی دلچسپی کے امور پرگفتگو کی، جن میں اقتصادی تعاون،سیکورٹی اشتراک،توانائی کے شعبے میں ترقی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پرمشترکہ موقف اپنانے کے نکات شامل تھے۔
دونوں رہنماؤں نےاس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نہ صرف خلیجی خطے بلکہ مسلم دنیا کے اتحاد و یکجہتی کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اس رابطے کو دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی ایک اور مضبوط کڑی قراردیا۔