ایلون مسک نے ‘ایکس میل’ کے نام سے ایک نئے ای میل سروس کا اشارہ دیا ہے، جو ممکنہ طور پر گوگل کے جی میل کے لیے سخت مقابلہ ثابت ہو سکتی ہے۔ "ڈاج ڈیزائنر” نامی ایکس اکاؤنٹ نے تجویز دی کہ ایکس پلیٹ فارم میں ای میل سروس کا اضافہ "زبردست” ہوگا۔ مسک نے سادگی سے جواب دیتے ہوئے کہا، “یہ کاموں کی فہرست میں ہے،” جس سے اس تصور کی تصدیق ہوئی، اگرچہ اس کے آغاز یا تفصیلات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
یہ اعلان مسک کی روایتی طرزِ عمل کا حصہ ہے، جو اکثر سوشل میڈیا پر غیر رسمی انداز میں اپنے منصوبے ظاہر کرتے ہیں۔ مداحوں نے فوراً اس خیال کی حمایت شروع کر دی، اور ایک صارف نے لکھا، “جی میل کو چھوڑنے میں لمحہ نہیں لگاؤں گا،”
ایکس میل کا ممکنہ آغاز عالمی ای میل مارکیٹ میں تبدیلی لا سکتا ہے، جہاں ستمبر 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق ایپل میل 53.67 فیصد کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ جی میل 30.70 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آؤٹ لک، یاہو میل، اور گوگل اینڈرائیڈ مل کر صرف 10 فیصد سے کم مارکیٹ رکھتے ہیں۔
ایکس کے ایکو سسٹم کو مزید وسعت دینے کا یہ اقدام مسک کے عزائم کا حصہ ہے۔ ایکس میل کامیاب ہوگا یا نہیں، یہ کہنا قبل از وقت ہے، لیکن اس خیال نے پہلے ہی وسیع پیمانے پر دلچسپی اور قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے