شام کی نئی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انھیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی طرف سے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ شامی وزیر خارجہ کا پہلا بیرونی دورہ ہوگا۔ اس سے پہلے انھیں مختلف ممالک سے دورے کی دعوت دی گئی ہے لیکن وہ سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
الشیبانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے مملکت سعودی عرب کے وزیر خارجہ جناب فیصل بن فرحان آل سعود کی طرف سے مملکت کا دورہ کرنے کا باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔
انھوں نے لکھا کہ میں نے اس دعوت کو محبت اور خوشی سے قبول کیا، اور مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ میں اپنے پہلے سرکاری دورے پر مملکت میں اپنے بھائیوں کے ساتھ تمام شعبوں میں اسٹریٹجک تعلقات استوار کرنے کا منتظر ہوں۔
واضح رہے کہ کل شامی حکومت کے روح رواں احمد الشرع – ابو محمد الجولانی نے بھی اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں سعودی عرب کی تعریف کرتے ہوئے اس کے کردار کو سراہا تھا۔
الشرع نے کہا تھا کہ وہ رہاض میں پیدا ہوئے تھے، ان کا بچپن ریاض میں گزرا اور وہ جلد ریاض کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے سعودی عرب کے جدید اقدامات اور پروجیکٹس کو قابل تقلید قرار دیا۔
تاہم فوری طور پر شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا دورہ سعودی عرب متوقع ہے۔ الشیبانی ترکیا سے گریجویٹ ہیں اور احمد الشرع کے قریبی لوگوں میں شمار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ ابھی تک تمام قریبی تمام ممالک کے وزراء اور وفود نے شام کا دورہ کیا ہے لیکن شام کے کسی آفیشل نے کوئی بیرونی دورہ نہیں کیا۔
ترک وزیر خارجہ، قطری وزیر تجارت، اور اماراتی وفد سمیت بہت سے ممالک کے ذمہ داران نے شام کا دورہ کیا ہے لیکن شامی وزیر خارجہ اپنے بیرونی دوروں کا آغاز سعودی عرب سے کریں گے۔