چوتھے مرحلے میں خادم حرمین شریفین کے مہمانوں کے لیے حج، عمرہ اور زیارت کے خصوصی پروگرام کے تحت ایک اور قافلہ مدینہ منورہ پہنچ گیا ہے۔
اس قافلے میں 14 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 250 مرد و خواتین زائرین شامل ہیں، جن کا تعلق جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور آسٹریلیا سے ہے۔
ان ممالک میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، ترکی، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان، جارجیا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور روس شامل ہیں۔
یہ پروگرام سعودی حکومت کی ہدایات پر عمل درآمد کا حصہ ہے، جس کے تحت 2025 میں 66 ممالک سے 1,000 مرد و خواتین کو حج اور عمرہ کی سعادت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
یہ مہمان چار مختلف گروپس میں تقسیم کیے جائیں گے، اور ہر گروپ کو یکے بعد دیگرے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کی زیارت اور عبادات کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
وزارت اسلامی امور نے ان زائرین کے لیے ایک جامع دینی اور ثقافتی پروگرام ترتیب دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت مدینہ منورہ میں واقع روضہ شریف، مسجد قبا، شہدائے احد کا قبرستان، اور خادم حرمین شریفین کمپلیکس برائے طباعت قرآن مجید کی زیارت شامل ہے۔
زائرین کو بین الاقوامی میوزیم برائے سیرت نبویﷺ اور اسلامی تہذیب کے مختلف حصے دکھائے جائیں گے تاکہ وہ اسلامی تاریخ اور تعلیمات سے مزید واقف ہو سکیں۔
مدینہ منورہ میں قیام کے بعد یہ تمام مہمان مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے، جہاں انہیں عمرہ کی ادائیگی اور دیگر مذہبی فرائض کی انجام دہی کا موقع دیا جائے گا۔
یہ پروگرام سعودی حکومت کی جانب سے اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔
جس کے ذریعے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر دینی و روحانی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔