سعودی عرب کے سب سے بڑے امدادی ادارے ‘شاہ سلمان ریلیف’ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مفلس اور نادار ملکوں میں امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز سعودی خیراتی ادارے نے بتایا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں امدادی پیکٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔
یہ امدادی مہم شاہ سلمان ریلیف کے انسانی بنیادوں پر جاری وسیع پروگرام کا حصہ ہے، جس کا آغاز اس سال جنوری میں کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کا مقصد موسم سرما، جنگی حالات اور قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف سامان فراہم کرنا ہے۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو طویل عرصے سے سعودی عرب کی جانب سے اشیائے خوردونوش، کمبل، گرم چادریں، اور مردوں، خواتین اور بچوں کے لیے گرم ملبوسات کی فراہمی سے مستفید ہو رہا ہے۔
شاہ سلمان ریلیف کی طرف سے یہ سامان حکومت پاکستان کی مکمل رابطہ کاری کے ساتھ تقسیم کیا گیا، جس سے 337,079 افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان میں شاہ سلمان ریلیف نے 200 سے زائد منصوبے شروع کر رکھے ہیں، جو قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک کی فراہمی، صحت کی ضروریات، تعلیمی سہولیات اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے کارآمد ہیں۔
شاہ سلمان ریلیف کی یہ مہم نہ صرف پاکستان کے عوام کے لیے ایک بڑی راحت ہے، بلکہ یہ سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے جذبے کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں یہ اقدام ان لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے جو مشکلات کا شکار ہیں۔