نیو یارک کی ریاستی اسمبلی اور سینیٹ نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کی شاندار خدمات کے اعتراف میں دو اہم قراردادوں کی منظوری دے دی۔ ان قراردادوں کے مطابق، 23 مارچ کو "پاکستان امریکن ہیریٹیج ڈے” اور 19 مارچ کو "پاکستانی امریکن بزنس ڈے” کے طور پر منایا جائے گا۔
یہ تاریخی اقدام امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ اور اس کے صدر علی راشد کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، جس میں پاکستانی قونصلیٹ نیو یارک کی بھی بھرپور معاونت شامل رہی۔ نیویارک کی ریاستی مقننہ نے پاکستانی کمیونٹی کی تعلیم، طب، سائنس، ٹیکنالوجی، کاروبار اور دیگر اہم شعبوں میں کامیابیوں کا شاندار اعتراف کیا۔
پاکستانی سفیر، رضوان سعید نے اس کامیاب اقدام پر نیو یارک کی ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ قراردادیں پاکستان اور نیو یارک کے درمیان کاروباری تعلقات اور سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید مستحکم کریں گی۔
انہوں نے اس تاریخی موقع پر کہا کہ پاکستانی ثقافت اور کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف کے طور پر یہ متفقہ فیصلہ ایک نئے باب کا آغاز ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوامی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔