انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں ایک غیر معمولی اور حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جب ایک شہری نے پیٹ درد سے نجات حاصل کرنے کے لیے یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر خود اپنا آپریشن کرنے کی ناکام کوشش کی۔ 32 سالہ راجا بابو، جو کئی دنوں سے شدید پیٹ درد میں مبتلا تھے اور مختلف ڈاکٹروں کے چکر کاٹنے کے باوجود آرام نہ پائے، نے آخرکار اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کا فیصلہ کیا۔
متھورا سے تعلق رکھنے والے راجا بابو نے میڈیکل سٹور سے جراحی کے اوزار، دوائیں، ٹانکے لگانے کا سامان اور سُن کرنے والا انجیکشن خریدا۔ صبح کے وقت، وہ اپنے کمرے میں آپریشن کرنے بیٹھ گئے، لیکن انجیکشن کا اثر ختم ہوتے ہی ان کی حالت بدتر ہوگئی اور وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہو گئے۔
ان کی چیخ و پکار سن کر اہل خانہ نے فوراً انہیں ہسپتال منتقل کیا۔ راجا بابو کی حالت تشویشناک ہے، اور انہیں آگارہ کے ایس این ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ ان کے بھتیجے نے بتایا کہ 18 سال قبل ان کی اپنڈکس کی سرجری ہوئی تھی، لیکن حالیہ دنوں میں دوبارہ پیٹ درد نے انھیں پریشان کیا۔
اس واقعے نے یوٹیوب کے ذریعے خود علاج کرنے کے خطرات کو ایک نیا پہلو دیا، اور یہ بھی ثابت کیا کہ کبھی کبھار ڈاکٹروں کی مشاورت ہی بہتر اور محفوظ رہتی ہے۔