نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے وارسا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران افسوسناک خبر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ لتھوانیا میں فوجی تربیت کے دوران امریکی فوج کے چار جوانوں کی موت ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ مشرقی لتھوانیا کے علاقے پابرادے میں پیش آیا، جو بیلاروس کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ روٹے نے اعتراف کیا کہ ابھی حادثے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، لیکن یہ ایک المناک واقعہ ہے۔
اس سے قبل لتھوانیا کی فوج نے چار امریکی فوجیوں اور ایک بھاری گاڑی کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی، جو منگل کی دوپہر سے لاپتہ تھے۔ امریکی فوج کے ترجمان کے مطابق، یہ فوجی 1st بریگیڈ، 3rd انفنٹری ڈویژن سے تعلق رکھتے تھے اور باقاعدہ جنگی مشقوں میں مصروف تھے۔ دونوں ممالک کے حکام اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں اور مزید معلومات کے آنے کا انتظار ہے۔