اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر اور مسلم لیگ (ن) کےسینئر رہنما اختیار ولی خان نے ایک دھماکہ خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنی اندرونی ٹوٹ پھوٹ اور قیادت کے بحران کے باعث آٹھ حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے، جبکہ عمران خان پارٹی پر اپنا اثر و رسوخ مکمل طور پر کھو بیٹھے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ "تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اب خود علی امین گنڈاپور بتائیں کہ اس کرپشن کا حساب کس سے لیاجائےخود سے یا اپنے قائد سے؟”
اختیار ولی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومتیں ملکی تاریخ کی بدعنوان ترین حکومتیں ثابت ہوئیں، جو نہ صرف سابق آرمی چیف جنرل (ر) باجوہ کی حمایت سے برسراقتدار آئیں بلکہ ہر بار چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کی کوششوں میں بھی ملوث رہیں۔
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی آج بھی اسٹیبلشمنٹ کے در پر دستک دے رہے ہیں لیکن فوج تحریک انصاف کی کرپٹ قیادت سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اب ترقی کی درست سمت پر گامزن ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پورا پاکستان خوش ہے، لیکن پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو اب یہ خوشخبریاں ہضم نہیں ہو رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہر ماہ قوم کو ایک نئی خوشخبری سنائیں گے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھ رہا ہے اور تمام بڑی جماعتیں اپنی صف بندی میں مصروف ہیں۔