سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی آج پیشی کے موقع پر اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ عدالت میں رو پڑیں انھوں نے کہا کہ وہ اب اس عدالت میں دوبارہ نہیں آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا مجھے اگر دوبارہ واپس جیل بھیجنا ہے تو بھیج دیا جائے۔ انھوں نے ڈیل کے ہر تاثر کی نفی کرتے ہوئے اپنے شوہر کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی نے روسٹرم پر آکر کہا کہ میں انصاف کی کرسی پر بیٹھے ہوئے منصفوں کی 9 مہینوں سے نا انصافی کا شکار ہوں، بانی پی ٹی آئی اور مجھے ناانصافی کرکے سزا دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلاسمیت تمام وکلا صرف وقت ضائع کرتے ہیں، جو اندر انسان بیٹھا ہے کیا وہ انسان نہیں ہے،کسی جج کو نظر نہیں آتا، میں اب اس عدالت میں نہیں آؤں گی کیونکہ یہاں صرف ناانصافیاں ہوتی ہیں۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی رو پڑیں اور کہا کہ انصاف تو ہے ہی نہیں، میں انصاف کے لیے نہیں آئی، میرا کمبل و دیگر سامان گاڑی میں ہے جب آپ کہیں گے میں جیل جانے کو تیار ہوں۔