ادلب، حلب اور حماۃ کو فتح کرنے والی شامی حریت پسندوں کی تنظیم HTS اب حمص سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ تنظیم کے لیڈرز نے دمشق میں موجود غیر ملکی سفیروں کے نام ایک پیغام ارسال کیا ہے۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ آپ پُر امن طریقے سے اپنا کام جار رکھ سکتے ہیں۔
"آپ ہمارے مہمان ہیں اور موجودہ تبدیلی کا تعلق شام کے اندرونی معاملات سے ہے۔ آپ یہاں پہلے سے بھی زیادہ محفوظ ہوں گے”۔
واضح رہے کہ شامی تنظیم ایچ ٹی ایس 16 جماعتوں پر مشتمل حریت پسندوں کا ایک نیا اتحاد ہے جس نے حیران کن طور پر بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے شام کی سرکاری فوج کو بہت سے علاقوں سے پسپا کردیا ہے۔
سفارت خانوں کو بھیجے گئے پیغام میں ایچ ٹی ایس نے کہا ہے کہ شام میں متوقع تبدیلی کا مطلب ریاست کا خاتمہ نہیں ہے بلکہ یہ متوقع تبدیلی ایک مضبوط سول ریاست کی تعمیر کا موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے شام کے لیے ہمارا وژن ایک ریاست ہے جس کی بنیاد بات چیت پر رکھی جائے گی۔
جمعرات کی رات، دیر گئے حمص سے بہت سے لوگ شہر چھوڑ کر جاتے دیکھے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا کی مختلف ویب سائیٹس پر وائرل ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ حمص سے لبنان کی طرف جا رہے ہیں۔
ویڈیوز کے پس منظر میں بولنے والے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ جو لوگ اب یہاں سے جا رہے ہیں، یہ یہاں کے رہنے والے نہیں ہیں بلکہ انھیں بشار الاسد کے نظام کی مضبوطی کے لیے لبنان سے یہاں لا کر، یہاں بسایا گیا تھا۔