سینئر سیاستدان اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات مثبت رہی ہے، ملاقات کے نتائج جلد برآمد ہوں گے۔
مولانا نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزیر قانون کو اس سلسلے میں جو بھی قانونی اور اصولی چیز ہے اسے نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے، ہمیں امید ہے کہ جو بھی ہوگا ہماری توقعات کے مطابق ہوگا۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن اور حکومت کے درمیان مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے کچھ امور پر اختلافات موجود تھے جنھیں ختم کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔
مولانا کے مطالبات میں سے ایک بڑا مطالبہ مدارس کی رجسٹریشن کو وزارت صنعت کے ساتھ ملحق کرنے جبکہ حکومت کی پالیسی کے مطابق مدارس کو وزارت تعلیم سے منسلک رکھنے پر اصرار جاری تھا۔
مولانا، وزیر اعظم سے حالیہ ملاقات کے بعد کافی مطمئن ہیں تاہم اس اطمینان کا تسلسل حکومت کے اگلے لائحہ عمل کے بعد ہی کسی حتمی انجام کو پہنچ سکے گا۔