بھارتی سنگر یویو ہنی سنگھ نے اپنی ایک حالیہ ڈاکومینٹری میں انکشاف کیا ہے کہ انھیں ماضی قریب میں ایک ایسی بیماری لاحق ہوگئی تھی کہ وہ روزانہ موت کی دعا کیا کرتے تھے۔
واضح رہے کہ یویو ہنی سنگھ بھارت کے انتہائی مقبول سنگر ہیں جنھیں نوجوان نسل خاص طور پر بہت پسند کرتی ہے، وہ اپنے بولڈ سٹائل اور گانوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
کچھ وقت پہلے انھیں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا جس میں وہ گانے کے کچھ بول گا رہے تھے۔
یویو ہنی سنگھ نے اپنی حالیہ ڈاکومینٹری میں انکشاف کیا ہے کہ انھیں بائی پولر ڈس آرڈر نامی ایک ذہنی بیماری لاحق ہوگئی تھی۔
بائی پولر ڈس آرڈر درحقیقت مزاج میں تبدیلی اور خرابی کو کہا جاتا ہے، اس بیماری میں مبتلا مریض کا موڈ یا تو بہت زیادہ خوشگوار ہوجاتا ہے یا پھر بہت زیادہ خراب۔
یویو ہنی سنگھ نے بتلایا کہ انھیں لگتا تھا شاید انھیں کوئی قتل کردے گا، کوئی ہے جو مسلسل ان کا پیچھا کر رہا ہے، عجیب ذہنی کیفیت ہوجاتی تھی، جی چاہتا تھا خود کو ختم کرلوں۔
انھوں نے اس ڈاکومینٹری کے دوران اپنے ایک سفر کے متعلق بھی بتلایا جو انھوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ امریکہ کے لیے کرنا تھا، اس میں اسے یہی گمان ہوتا تھا جیسے انھیں وہاں لے جا کر قتل کردیا جائے گا۔
ہنی سنگھ نے بتلایا کہ اس دوران انھوں نے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوکر ٹرمر سے اپنے سر کے بال بھی کاٹ لیے تھے لیکن شاہ رخ خان اور دیگر دوست مجھے پھر بھی کیپ پہنا کر ساتھ لے جانے پر بضد تھے۔
انھوں نے کہا کہ یہ حالت مجھے اب بھی کبھی کبھی محسوس ہوتی ہے لیکن اب میں کافی بہتر محسوس کرتا ہوں، میری صحت میں اب آہستہ آہستہ بہتری آ رہی ہے۔