معزول شامی صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسما الاسد کو خون کے خطرناک کینسر لیوکیمیا کی تشخیص ہوئی ہے، جو بون میرو میں شروع ہوتا ہے اور سفید خون کے خلیات کی غیر معمولی تعداد پیدا کرتا ہے، جس سے جسم کے خون بنانے والے اعضاء متاثر ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسما الاسد کے بچنے کے امکانات تقریباً 50 فیصد ہیں۔ تشخیص کے بعد انہیں انفیکشن سے بچانے کے لیے آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب اسما کو کینسر کا سامنا کرنا پڑا؛ 2019 میں وہ چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہو گئی تھیں، لیکن ایک سال کے علاج کے بعد انہوں نے خود کو کینسر فری قرار دیا تھا۔
اسما الاسد نے جو لندن کے ایک ڈاکٹر کی بیٹی ہیں، 2000 میں بشار الاسد سے شادی کی تھی، اور ان کے تین بچے ہیں۔ اپنے شوہر کے دور حکومت میں اسما نے عیش و عشرت کی زندگی گزاری۔
مزید برآں، غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ اسما الاسد نے بشار الاسد سے علیحدگی کے لیے روسی عدالت میں درخواست دائر کی تھی، تاہم روسی حکام نے ان دعووں کی تردید کی ہے۔