کششِ ثقل کو چیلنج کرتی حیران کن گاڑی، جو الٹا بھی دوڑ سکتی ہےتصور کریں ایک ایسی گاڑی جو صرف زمین پر ہی نہیں، بلکہ چھت پر بھی دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہو یہ کوئی سائنس فکشن فلم کا سین نہیں بلکہ حقیقت بن چکی ہے دنیا کی پہلی الٹا دوڑنے والی گاڑی، میکمورٹری اسپیرلینگ، ایک حیرت انگیز ایجاد ہے جو جدید فین ٹیکنالوجی کے ذریعے قوانین فزکس کو چیلنج کرتی دکھائی دیتی ہے۔
یہ الیکٹرک ہائپر کار نہ صرف 1000 ہارس پاور کے ساتھ بجلی کی تیزی سے دوڑتی ہے بلکہ ڈاؤن فورس آن ڈیمانڈ موڈ کی بدولت ایسی گرفت پیدا کرتی ہے کہ جب اسے خاص طور پر تیار کردہ ٹریک پر الٹا کیا گیا تو یہ پھر بھی بالکل جم کر کھڑی رہی جیسے کششِ ثقل اس پر اثر ہی نہ کرے!
جب ٹریک کو آہستگی سے 180 ڈگری گھمایا گیا اور گاڑی الٹی ہوگئی، تو ڈرائیور نے اسے اسی حالت میں کامیابی سے کچھ فاصلے تک دوڑا کر دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔ گو کہ یہ مظاہرہ ایک چھوٹے اور خصوصی ٹریک پر کیا گیا، مگر یہ دنیا کو یہ بتانے کے لیے کافی ہے کہ مستقبل کے وہم و گمان سے باہر تصورات اب حقیقت بننے لگے ہیں۔
فی الحال یہ گاڑی نہ تو عام لوگوں کے لیے دستیاب ہے، نہ ہی کسی ریسنگ ٹریک پر دیکھی جائے گی، اور اگر کوئی واقعی اس کا دیوانہ ہے تو اس کے لیے10 لاکھ ڈالرز کا بندوبست کرنا ہوگا۔ یہ صرف ایک کار نہیں، ایک بصری انقلاب ہے ایک ایسی مشین جو مستقبل کی جھلک دکھاتی ہے۔ مکمورٹری اسپیرلینگ صرف دوڑتی نہیں، یہ کششِ ثقل کو چیلنج کرتی ہے، اور انسان کے جنونِ ایجاد کو نئی بلندیوں پر لے جاتی ہے