اسلام آباد/منیلا — ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) نے پاکستان میں غربت کے خاتمے، خواتین کی فلاح، اور بچوں کی تعلیم و صحت کے لیے 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔ بینک کے مطابق اس نئی مالی معاونت سے ملک بھر کے 93 لاکھ مستحق افراد براہ راست مستفید ہوں گے، جن میں غریب خواتین اور ان کے اہلِ خانہ سرفہرست ہوں گے۔
ADB کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم سماجی تحفظ کے اس پروگرام کے لیے مختص کی گئی ہے جس کے تحت:
بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم کے لیے مشروط مالی امداد دی جائے گی۔
آفت زدہ اور پسماندہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کی صحت اور غذائیت تک رسائی کو بہتر بنایا جائے گا۔
یہ اقدام ان لاکھوں پاکستانی خاندانوں کے لیے امید کی کرن بن کر آیا ہے جو مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں۔
ADB کی سالانہ رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور کرغزستان جیسے ممالک اب بھی غربت، تعلیم، صحت، اور دیگر بنیادی سہولیات تک محدود رسائی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ بینک نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مزید مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا ہے۔
ادھر واشنگٹن میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان نے چین میں پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے جزوی کریڈٹ گارنٹی فراہم کرنے کی درخواست کی۔ اس اقدام کا مقصد بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ مالی معاونت نہ صرف غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ موجودہ حکومت کی فلاحی پالیسیوں کے لیے بھی عالمی سطح پر اعتماد کا اظہار ہے۔