دبئی نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں سیاحت کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے، جب جنوری سے مارچ کے درمیان 5.31 ملین بین الاقوامی مہمانوں نے دبئی کا رخ کیا، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں تین فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
دبئی محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے اس کامیابی کے تناظر میں اعلان کیا ہے کہ وہ 32 ویں عریبین ٹریول مارکیٹ میں بھرپور انداز میں شرکت کر رہا ہے، جو پیر سے آغاز کر رہی ہے۔
اس بین الاقوامی میلے میں دبئی کے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں سے 125 سے زائد ادارے اپنے منصوبے اور خدمات پیش کریں گے۔
محکمے کے اعداد و شمار کے مطابق، 2025 کے ابتدائی تین ماہ میں مغربی یورپ کے سیاح دبئی آنے والوں میں سرفہرست رہے، جو مجموعی سیاحتی تعداد کا 22 فیصد بناتے ہیں یعنی تقریباً 1.15 ملین افراد۔
مشرقی یورپ کے سیاح 17 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ خلیج تعاون کونسل (GCC) کے ممالک سے تعلق رکھنے والے مہمان 15 فیصد کی شرح کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
اسی طرح جنوبی ایشیا کے ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافر 14 فیصد اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ (MENA) سے آنے والے سیاح 12 فیصد کی شرح کے ساتھ دبئی پہنچے۔
امریکہ سے تعلق رکھنے والے مہمان 7 فیصد اور آسٹریلیا کے سیاح مجموعی سیاحوں میں 1 فیصد رہے۔
صرف سیاحتی آمد ہی نہیں بلکہ دبئی کے ہوٹل انڈسٹری کے اشاریے بھی نمایاں بہتری کے ساتھ سامنے آئے۔
رپورٹ کے مطابق، سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں بک ہونے والے ہوٹل کمروں کی مجموعی تعداد 11.19 ملین رہی
فی کمرہ اوسط کرایہ 647 درہم تک پہنچ گیا، جب کہ مجموعی دستیاب کمروں کا اوسط کرایہ 528 درہم رہا۔