
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت بڑے بڑے جنگی جہاز لے کر ہماری سرحدوں پر آیا، لیکن پاک افواج نے ان جہازوں کو ایسے کاٹا جیسے آسمان پر اُڑتی پتنگیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ہماری افواج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 10 مئی کی رات پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوئی۔ اس تاریخی رات، تینوں مسلح افواج، بالخصوص پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال جرات، مہارت اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔ وزیر دفاع نے چیف آف آرمی اسٹاف، نیول چیف اور ایئر چیف کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے مشترکہ حکمت عملی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اپنے عزائم میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں اور اب "اپنے زخم چاٹ رہے ہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت نے پاکستان کے عزم اور دفاعی طاقت کو کمزور سمجھنے کی سنگین غلطی کی، جو اب ان کے لیے باعث شرمندگی بن چکی ہے۔
خواجہ آصف نے اپنی رہائش گاہ پر طلبہ و طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان نوجوانوں کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بچے اپنے وطن سے جس انداز میں محبت کا اظہار کر رہے ہیں، وہ نہایت منفرد اور قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے ان لمحات کو "جذباتی اور ناقابلِ فراموش” قرار دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر لمحے میں قیادت کا کردار ادا کیا اور پوری قوم کو متحد رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دراڑیں کبھی قومی وحدت میں دکھائی دیتی تھیں، وہ اب اتحاد کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔
خواجہ آصف نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ مشرقی سرحد پر ہمیں اللہ تعالیٰ کی مدد سے فتح نصیب ہوئی اور ہمیں یقین ہے کہ مغربی محاذ پر بھی کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو صرف عسکری نہیں بلکہ سفارتی، نفسیاتی اور میڈیا کے محاذ پر بھی شکست دینا ہو گی۔
انہوں نے اس موقع پر قوم کو ایک پیغام دیتے ہوئے کہاجو قومیں اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں، تاریخ بھی انہیں بھول جاتی ہے۔ لیکن پاکستانی قوم اپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہے، اس پر فخر کرتی ہے، اور نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔