راجستھان:23 سالہ انورادھا پاسوان نے بھارت بھر میں ہلچل مچا دی ہے، جسے پولیس نے ’لٹیری دلہن‘ قرار دیا ہے۔
محض سات ماہ میں اس نوجوان لڑکی نے 25 مردوں سے شادی کی، اور ہر شوہر کو قیمتی زیورات، نقدی، اور قیمتی اشیاء سے محروم کر کے ایک ہفتے کے اندر فرار ہو گئی۔ انورادھا کا تعلق اترپردیش سے ہے لیکن شوہر سے جھگڑے کے بعد وہ بھوپال چلی گئی جہاں اس نے ایک مقامی گینگ سے تعلق بنا لیا۔
اس گینگ کی مدد سے وہ دلہن کے روپ میں مردوں کو جھانسہ دے کر لوٹتی رہی۔ پولیس کو پہلی شکایت راجستھان سے موصول ہوئی، جس کے بعد دو ہفتے کی تفتیش کے دوران ایک افسر نے خود کو دلہا ظاہر کر کے گینگ سے رابطہ کیا۔ واٹس ایپ پر بھیجی گئی تصویر سے شناخت کے بعد انورادھا کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے اس نیٹ ورک کے دیگر کئی کارندوں کو بھی دھر لیا ہے، جن کا تعلق بھی بھوپال سے ہی ہے۔ یہ کہانی محض دھوکہ دہی نہیں بلکہ ایک مکمل مجرمانہ منصوبہ بندی کی عکاس ہے، جس نے بھارت میں سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں سنسنی پھیلا دی ہے۔
اس دلچسپ واقعے نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ دلہن ملے تو صرف دل نہیں، دماغ بھی استعمال کیجیے۔