چین کے سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی پر نشر ہونے والی تازہ فوجی ڈاکیومینٹری نے دنیا کی توجہ اس وقت کھینچ لی جب اس میں پاکستانی فضائیہ کی جانب سے جدید چینی لڑاکا طیارے J-10C کی مدد سے بھارتی رافیل طیارے مار گرانے کی کامیابی کو اجاگر کیا گیا۔ 7 مئی کو ہونے والی پاک-بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستانی J-10C نے تین بھارتی رافیل طیاروں کو ڈاگ فائٹ میں تباہ کیا، جسے اس چینی طیارے کی پہلی جنگی فتح قرار دیا گیا۔
ڈاکیومینٹری میں بتایا گیا کہ J-10C جو جدید AESA ریڈار، اسٹیلتھ صلاحیتوں، اور دور مار PL-15 میزائل سے لیس ہے چینی فضائی ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے، اور اس نے دنیا میں خود کو منوایا ہے۔ سی سی ٹی وی نے اسےفضائی دفاع کی تاریخ کا معجزہ قرار دیا۔
J-10C کا برآمدی ماڈل J-10CE اب پاکستان ائیرفورس کے بیڑے کا حصہ بن چکا ہے، اور یہ نہ صرف بھارتی فضائیہ کے لیے چیلنج بن گیا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی داد سمیٹ رہا ہے۔ حال ہی میں ملائیشیا کے لانگ کاوی ایئر شو میں J-10C کی شاندار موجودگی نے عالمی دفاعی ماہرین کو بھی متاثر کیا۔
رپورٹ کے مطابق، 2020 سے 2024 کے دوران پاکستان کی 81 فیصد دفاعی درآمدات چین سے ہوئیں، اور J-10C کے ساتھ PL-15 میزائل بھی اس عسکری اتحاد کا حصہ ہیں۔ چین اور پاکستان کی دفاعی شراکت داری نہ صرف مضبوط ہورہی ہے بلکہ اب عالمی منظرنامے پر عملی طور پر بھی اپنا اثر دکھا رہی ہے۔
یہ ڈاکیومینٹری نہ صرف J-10C کی طاقت کا اعتراف ہے، بلکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ بڑھتی ہوئی ساکھ کا بھی اعلان ہے۔