اسلام آباد :آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ’معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران پاکستان کی سیاسی، عسکری اور عوامی قیادت کے غیر متزلزل عزم اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک باوقار عشائیے کا اہتمام کیا، جو نہ صرف قومی یکجہتی کی علامت تھا بلکہ ایک نئے قومی بیانیے کی جھلک بھی لیے ہوئے تھا۔
عشائیے میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، گورنرز، اعلیٰ عسکری قیادت، سینئر بیوروکریٹس، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب میں سیاسی قیادت کی بصیرت افروز رہنمائی، مسلح افواج کی شجاعت اور قوم کے فولادی جذبے کو پاکستان کی فتح کا بنیادی ستون قرار دیا۔ انہوں نے ’معرکۂ حق‘ میں نوجوانوں اور میڈیا کے کردار کو ’آہنی دیوار‘ سے تشبیہ دی، جو دشمن کے پروپیگنڈے کے سامنے ڈٹ گئے۔
فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارتکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے دانش، مہارت اور حب الوطنی کا عملی مظاہرہ کر کے دنیا کو پاکستان کی صلاحیتوں کا قائل کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں عسکری قیادت کے مابین مثالی کوآرڈینیشن پاکستان کی دفاعی طاقت کی مظہر ہے۔
عشائیے میں شریک رہنماؤں نے بھی افواج پاکستان کی قربانیوں، جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ’قومی اتحاد کے اس لمحے‘ کو پاکستان کے مستقبل کی سمت ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
یہ تقریب نہ صرف ایک عسکری خراجِ تحسین تھی بلکہ قوم، ریاست اور اداروں کے درمیان مضبوط رشتے کا عکاس ایک تاریخی لمحہ بھی۔