سیئٹل :جاپانی ایئر لائن آل نیپون کی ایک بین الاقوامی پرواز اس وقت ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہوگئی جب ایک مسافر نے سمندر کے اوپر 30 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارے کا ہنگامی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پرواز ٹوکیو سے امریکی شہر ہیوسٹن جا رہی تھی اور سفر کے نو گھنٹے گزر چکے تھے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب جہاز کے زیادہ تر مسافر نیند میں تھے۔ اچانک ایک شخص اپنی نشست سے اٹھا اور تیزی سے ہنگامی دروازے کی جانب لپکا۔ موقع پر موجود ایک خاتون عینی شاہد نے بتایا، "پہلے ایسا لگا جیسے وہ شخص کسی تکلیف میں ہو، لیکن پلک جھپکتے ہی وہ دروازے کی طرف دوڑ پڑا۔”
خوفناک لمحے کو ہیرو مسافروں نے بچا لیا۔ دو بہادر مسافروں نے، جن میں ایک سابق نیوی اہلکار اور دوسرا تجربہ کار فوجی شامل تھا، نہایت پیشہ ورانہ انداز میں فضائی عملے کی مدد کی اور اس شخص کو قابو کر کے اس کی نشست سے باندھ دیا۔ اس دوران مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، لیکن فوری اور بہادری سے کیے گئے اقدامات نے ممکنہ سانحے کو ٹال دیا۔
ایئر لائن حکام کے مطابق، صورتِ حال پر قابو پاتے ہی پائلٹ نے پرواز کا رخ تبدیل کر کے اسے قریبی سیئٹل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا۔ 45 منٹ بعد طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا، جہاں سکیورٹی اور میڈیکل ٹیم پہلے سے الرٹ موجود تھی۔
مشتبہ شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی معائنے میں معلوم ہوا کہ وہ شدید ذہنی دباؤ اور ممکنہ طور پر ذہنی بیماری کا شکار تھا۔
یہ واقعہ جہاں طیاروں میں سکیورٹی چیلنجز کی سنجیدگی کو اجاگر کرتا ہے، وہیں ان دو بہادر مسافروں کی بروقت کارروائی نے درجنوں جانیں بچا کر انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔
**مزید تحقیق جاری ہے کہ مشتبہ شخص نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا اور آیا کہ اس کے پیچھے کوئی اور محرکات بھی تھے یا نہیں