تہران : علاقائی سلامتی، دفاعی ہم آہنگی اور معاشی تعاون کے نئے افق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے دورے کے دوران تہران میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے اہم ملاقات کی، جس میں دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سرحدی سلامتی کو معاشی زون میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے ایرانی جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں باقاعدہ گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا،جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان احترام اور تعاون کا مظہر ہے۔
ملاقات میں خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون، سرحدی استحکام اور اقتصادی روابط پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں عسکری قیادتوں نے سرحدی علاقوں کو امن و ترقی کا گہوارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک نے دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور بارڈر کو معاشی زون میں بدلنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان سے بھی اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعلقات، اسٹریٹیجک تعاون، اور امت مسلمہ کے اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
یہ ملاقاتیں ایران اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کی واضح علامت ہیں جو نہ صرف سیکیورٹی بلکہ توانائی، تجارت اور علاقائی استحکام کو بھی مضبوط بنیادیں فراہم کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کا یہ مشترکہ سرکاری دورہ ترکی، ایران اور آذربائیجان جیسے اہم ممالک تک جاری ہے، جو پاکستان کی فعال خارجہ پالیسی اور سیکیورٹی اینڈ اکنامک ڈپلومیسی کا نیا ماڈل پیش کر رہا ہے۔