کوئٹہ :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا بلکہ پوری بازی پلٹ دی، بھارت کو نہ صرف میدان جنگ بلکہ سفارتی محاذوں پر بھی تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، اور پاک فضائیہ نے 7 ہائی ویلیو ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسروں سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد قوم اور افواج کا مورال بلند ہے اور ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھاکر ایک عظیم قوم بننے کی جانب بڑھنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر جارحیت کی کوشش کی اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، تاہم پاکستانی مسلح افواج نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ بھی کوئی مہم جوئی کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں "فیلڈ مارشل” کے رینک کا حقدار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں ملک نے عظیم کامیابیاں حاصل کیں اور ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سندھو نے بھارتی طیارے گرا کر اپنی مہارت کو دنیا پر ثابت کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے نے معیشت کو استحکام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے جبکہ محصولات میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اسمگلنگ میں واضح کمی آئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج رہی ہے، جس کے نتیجے میں 90 ہزار جانیں قربان ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا، جسے اب سیکیورٹی فورسز نے قابو پا کر شکست دی ہے۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا کوئی خواب پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر شہباز شریف نے کہا کہ چین ہر آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور سعودی عرب ایک قابل اعتماد دوست ہے۔ وزیراعظم نے قدرتی وسائل کے بہتر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں قومی ترقی کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔