ممبئی کے پوش علاقے ڈولفن پرائیڈ سوسائٹی میں واقع ایک فلیٹ میں مقیم پاکستانی نژاد میاں بیوی مردہ حالت میں پائے گئے، جس سے علاقے میں خوف و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ ممکنہ طور پر خاندانی تنازع اور مالی بحران کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تاہم پولیس ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس کیسے پہنچی؟ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب جوڑے کا کم عمر بیٹا اسکول سے واپس آیا لیکن دروازہ بند پا کر گھبرا گیا۔ اُس نے ہمسایوں سے رابطہ کیا، جنہوں نے فوری طور پر متوفیہ خاتون کی بہن سنگیتا کو اطلاع دی۔ سنگیتا کی کال پر پولیس موقع پر پہنچی اور اندر داخل ہو کر سنجے اور سپنا دونوں کی لاشیں دریافت کیں۔
پس منظر کیا ہے؟ پولیس اور متوفیہ کی بہن کے مطابق جوڑے کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھےاورحالیہ دنوں میں مالی دباؤ شدید ہوچکاتھا۔سپنا کی بہن سنگیتا(جوبھارتی شہری ہیں) ان کےمالی اخراجات اٹھارہی تھیں اورانھوں نے ہی یہ فلیٹ کرائے پر لےکردیاتھا۔ جوڑا پاکستان واپسی کےلیے قانونی کارروائی میں مصروف تھا۔
سپنا نے شکایت درج کیوں نہیں کروائی؟گزشتہ ماہ بھی دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا، لیکن بہن کے اصرار کے باوجود سپنا نے پولیس کو شکایت درج کرانےسےانکار کردیا۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ قتل ہے یا خودکشی، تاہم سپنا کی بہن کے بیان پر شوہر سنجے کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی دفعہ 103 (1) کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی کے مطابق جوڑے کا تعلق سکھر، سندھ سے تھا۔واقعے کے وقت ان کے دونوں بچے اسکول میں تھے، اور اس سانحے نے خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔