وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ اہم دورے پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات روانہ ہو گئے، جہاں وہ اماراتی صدر اور ابوظہبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
وفد میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور کثیرالجہتی شراکت داری کو تقویت دینا ہے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی جارحیت کے پس منظر میں وزیراعظم ترکیہ، ایران، تاجکستان اور آذربائیجان کے دورے کر چکے ہیں، جبکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات اور عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب بھی گئے تھے۔
موجودہ دورہ پاکستان کی فعال سفارتکاری اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کی کوشش ہے۔