دبئی: ایشیائی جمناسٹکس یونین (AGU) نے 8 سالہ ایرانی ننھی جمناسٹ تارا ہاجیمری کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ تارا ہاجیمری حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران میں شہید ہوئی تھیں۔
ایشیائی جمناسٹکس یونین کی جانب سےجاری کیےگئےجذباتی پیغام میں کہا گیا ہےکہ تارا محض ایک جمناسٹ نہیں تھی، بلکہ اُمید، مہارت اور معصومیت کی ایک روشن علامت تھی۔ اس کی چمک اور معصوم مسکراہٹیں ہم سب کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ ہم اس عظیم نقصان پر تارا کے خاندان اور ایرانی جمناسٹکس برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایشیائی جمناسٹکس یونین نے تارا کی المناک شہادت کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ تارا کی روح کو سکون عطا فرمائے اور اس کے والدین و اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔
تارا ہاجیمری،جس نے کم عمری میں ہی جمناسٹکس کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، ایران میں نئی نسل کے لیےحوصلے اور ولولے کی علامت تھی۔ اس کی زندگی ابھی مکمل کھلنے بھی نہ پائی تھی کہ جنگ کے اندھے شعلوں نے ایک اور معصوم چراغ بجھا دیا۔
ایشیائی کھیلوں کی دنیا میں یہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جہاں کھیل کا میدان خون آلود ہو گیا اور ایک بچی صرف اس لیے شہید ہو گئی کہ وہ ایک غیر سیاسی خواب دیکھتی تھی،اپنے ملک کا نام دنیا میں روشن کرنے کااعزازرکھتی تھی۔
AGU نے اس موقع پر عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ کھیل کے میدان کو جنگ سے پاک رکھا جائے، اور معصوم بچوں کی جانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ روکا جائے۔
تارا ہاجیمری، تم صرف ایران کی نہیں، بلکہ پوری ایشیائی کھیلوں کی دنیا کی بیٹی تھی۔ تم چلی گئیں، مگر تمہاری مسکراہٹ، تمہاری پرواز، تمہاری امید ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی