آپریشن سندور میں شکست کی پردہ پوشی: بھارت نے ہلاک فوجیوں کو اعزازات دینے کا اعلان کر دیا.بین الاقوامی دباؤ اور اندرونی تنقید کے ہاتھوں مجبور ہو کر بھارت نے بالآخر "آپریشن سندور” میں مارے گئے اپنے اہلکاروں کو اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں رافیل طیاروں کے تین پائلٹس، روسی دفاعی نظام ایس-400 کے پانچ آپریٹرز، اور مختلف یونٹس کے 100 سے زائد اہلکار شامل ہیں۔
یہ پیشرفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب بھارتی فوج اور حکومت کو اپنی عسکری ناکامیوں پر پردہ ڈالنے پر اندرونی طور پر شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق، صرف لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کے 250 سے زائد فوجی ہلاک ہوئے، جن میں فضائیہ، انفنٹری، اور انٹیلیجنس یونٹس کے اہلکار شامل ہیں۔
خصوصی رپورٹ کے مطابق، ان ہلاکتوں میں انڈین ایئر فورس یونٹ کے سات، جی ٹاپ 10 انفنٹری بریگیڈ کے پانچ، اور ہیڈ کوارٹر 93 بریگیڈ کے نو اہلکار شامل ہیں، جنہیں بھارتی وزارت دفاع اب اعزازات سے نواز رہی ہے — باوجود اس کے کہ ان کی ہلاکتوں کو طویل عرصے تک خفیہ رکھا گیا تا۔
بھارتی فضائیہ کے ان چار پائلٹس میں سے تین رافیل لڑاکا طیارے اڑانے والے تھے جو آپریشن سندور کے دوران تباہ کیے گئے، جبکہ آدم پور ایئر بیس پر تعینات جدید روسی دفاعی نظام S-400 کے پانچ آپریٹرز بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ ان کا ذکر اب بھارتی فوج کی اعزازی فہرست میں شامل ہے۔
دفاعی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے اب ان ہلاک شدہ فوجیوں کو اعزازات دینا "سیاسی و عسکری شرمندگی کو عزت کے لبادے میں لپیٹنے کی کوشش” ہے۔ بھارتی حکومت نہ صرف اپنے فوجیوں کی قربانیوں کو چھپاتی رہی بلکہ ان کے اہل خانہ پر بھی دباؤ ڈالتی رہی کہ وہ اپنے شہیدوں کی تصاویر یا معلومات سوشل میڈیا پر نہ شیئر کری
یاد رہے کہ 2019 میں پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں مار گرائے جانے والے ونگ کمانڈر ابھینندن کو بھی بھارتی حکومت نے "ویر چکرا” دے کر "قوم پرستی” کے جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کی تھی، حالانکہ حقیقت میں وہ ایک ناکام مہم جوئی کا حصہ تھے۔ اب ایک بار پھر بھارت نے ناقابلِ انکار عسکری شکست کو اعزازات کی آڑ میں چھپانے کی حکمتِ عملی اپنائی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا اور دفاعی رپورٹس کے مطابق، پٹھان کوٹ، اُدھم پور، اور راجوڑی بیسز کو نشانہ بنانے والے پاکستانی حملے مؤثر اور بھاری نقصانات کا باعث بنے، جن کی تفصیلات آہستہ آہستہ منظرعام پر آ رہی ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی پیشہ ور فوج کا یہ طرز عمل نہیں ہوتا کہ وہ اپنے نقصانات کو چھپائے یا اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو نظر انداز کرے۔ لیکن بھارتی حکومت کے اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ وہ نہ صرف اپنی ناکامی کو چھپا رہی ہے بلکہ اپنے فوجیوں کے ساتھ بدترین غیرپیشہ ورانہ سلوک بھی روا رکھے ہوئے ہے۔